اندھیری رات کے بعد سورج کی کرنیں بھی نکلتی ہیں۔
ہم اپنی جدوجہد سے مایوس نہیں ہیں۔
کمالیہ (ایڈیٹر نئی آواز ۔ ڈاکٹر غلام مرتضیٰ)پاکستان تحریک انصاف کے رہنما آصف عباس کاٹھیہ اور رہنما ساجدہ آصف کاٹھیہ نے عید الفطر پر عوام سے عید ملنے کے لیے خصوصی ملاقاتیں کیں۔ اور عوام کو عید کی مبارک باد دی۔ اس موقع پر سینئر جرنلسٹ صوفی محمد ضیاء شاہد سے ملاقات کرتے ھوئے رہنما پاکستان تحریک انصاف ساجدہ آصف کاٹھیہ نے اپنے بیان میں کہا کہ جبر کے دن ہمیشہ نہیں رہتے۔ اندھیری رات کے بعد سورج کی کرنیں بھی نکلتی ہیں۔ ہم اپنی جدوجہد اور اس کے نتائج سے مایوس نہیں ہیں۔ وہ دن دور نہیں جب عوامی راج ہو گا۔ عوام کی حکومت ہو گی۔ جمہوریت کا بول بالا ہو گا۔ عوام کے مساٸل عوام کے نمائندے حل کریں گے۔ انہوں نے حکومتی پالیسیوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ سلیکٹڈ حکومت کو عوام کے مسائل سے کوئی غرض نہیں ہے ۔ موجودہ حکومت اپنے مخصوص مقاصد پر ہی عمل پیرا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ حکومت کی ناقص پالیسیوں کی وجہ سے عوام مہنگائی بے روزگاری بدامنی عدم تحفظ کا شکار ہے۔ بجلی گیس اور پٹرولیم مصنوعات میں بلا وجہ اضافہ کی وجہ سے مہنگائی نے عوام کی زندگی اجیرن کر دی ہے۔ لوگ دو وقت کی روٹی کو ترس رہے ہیں۔ ہسپتالوں میں مریضوں کو ادویات نہیں ملتی۔ مریض سسک سسک کر مر رہے ہیں۔ مجبور لوگ خودکشیاں کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کی حکومت اشتہارات اور ٹک ٹاک تک محدود ہے۔ عملی طور پر ان کی کارکردگی زیرو ہے۔ ناجائز تجاوزات اور ستھرا پنجاب پروجیکٹ میں حکومت بری طرح ناکام ہو گئی ہے۔