کینیڈین حکام کے مطابق ترکش ایئر لائن کی نیویارک سے ترکیجانے والی پرواز کو بم کی موجودگی کے خطرے کے باعث کینیڈا میں اتار لیا گیا ہے۔
اطلاعات کے مطابق طیارے میں 256 افراد سوار تھے اور اسے مشرقی کینیڈا کے بین الاقوامی ہوائی اڈے ہالی فیکس پر بحفاظت اتار لیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ گذشتہ ماہ جزیرہ نما سینا میں تباہ ہونے والے روسی مسافر طیارے کودہشت گردی کا نشانہ بنایا گیا تھاجس کے نتیجے میں طیارے میں سوار تمام 224 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔
خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق کینیڈین پولیس واقعے کی تحقیقات کر رہی ہے تاہم بم کی موجودگی کے خطرے کی تفصیلات سے آگاہ نہیں کیا گیا۔
کینیڈین پولیس کی جانب سے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر بتایا گیا ہے کہ طیارے میں بم کی موجودگی کی اطلاع مقامی وقت کے مطابق شب 10 بجکر پچاس منٹ پر موصول ہوئی۔ اس وقت تک طیارہ جان ایف کینیڈی ایئرپورٹ سے پرواز کر چکا تھا۔ مقامی وقت کے مطابق بارہ بجکر 53 منٹ پر طیارے کو کینیڈا کے ہوائی اڈے پر اتار لیا گیا۔
گذشتہ منگل کو بھی بم کی موجودگی کی اطلاع پر فرانس کی امریکہ سے پیرس جانے والی دو پروازوں کا رخ موڑنا پڑا تھا۔