بشیر احمد ربانی کی 38 سالہ خدمات پر پُروقار تقریب کا اہتمام

منتظمین اور معاونین نے گلدستہ، تحائف اور “توصیفی سوونیئر” پیش کیا

بشیر ربانی نے خلوص اور جانفشانی سے خدمات انجام دیں: معلمین منتظمین

کمالیہ (ایڈیٹر نئی آواز ۔ ڈاکٹر غلام مرتضیٰ) گورنمنٹ سپیشل ایجوکیشن سکول چاہ شاموں والا کمالیہ سمیت سپیشل ایجوکیشن پنجاب میں 38 سال سے زائد عرصہ شاندار خدمات کے بعد باوقار ریٹائر ہونے والے سینئر سپیشل ایجوکیشن ٹیچر بشیر احمد ربانی کی خدمات کو سراہتے ہوئے پرنسپل عائشہ ریاض، معلمین، منتظمین اور معاونین نے گلدستہ، تحائف اور”توصیفی سوونیئر” پیش کیا۔ جبکہ متاثرہ سماعت طلبہ نے سلامی دیتے ہوئے پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں۔ پرنسپل اور معلمین نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ بشیر ربانی نے جونیئر کلرک، سٹریوٹائپر، ایس ایس ٹی، جونیئر و سپیشل ایجوکیشن ٹیچر اور پرنسپل راولپنڈی، بہاولپور، لاہور، ڈیرہ غازی خان، پیر محل اور کمالیہ ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ میں سپیشل بچوں اور اداروں کی بہتری کے لیے بھرپور خلوص اور جانفشانی سے خدمات انجام دیں، جنہیں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ گورنمنٹ سپیشل ایجوکیشن سنٹر کمالیہ کے پرنسپل مہر غلام مرتضیٰ شاکر، معلمین و معاونین نے خراج تحسین پیش کرتے ہوئے پھولوں کے ہار پہنائے۔ جبکہ ڈسٹرکٹ فوکل پرسن سپیشل ایجوکیشن ٹوبہ ٹیک سنگھ حیدر علی نے بھی شاندار خدمات کی تعریف کی۔ بشیر ربانی نے کہا کہ مجموعی طور پر 38 سال 5 مہینے ایک دن سپیشل بچوں کی تعلیم و تربیت اور بحالی کے لیے خدمات انجام دینا میری زندگی کا سب سے بڑا اعزاز، سعادت اور اللہ تعالیٰ کی خاص رحمت ہے۔ آج ریٹائرمنٹ پر مجھے جو پذیرائی، محبتیں اور دعائیں ملی ہیں میں اس پر خلوص دل شکر گزار ہوں۔ مجھے ملنے والی پزیرائی محبتیں دعائیں اور خلوص ہمیشہ یاد رہے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں