رمضان المبارک رحمتوں اور برکتوں والا مہینہ جس میں قرآن کریم کا نزول ہوا۔ اُمت مسلمہ کو رمضان المبارک کی خوشیاں مبارک: حافظ محمد مجاہد رفیق

امت محمد الرسول اللہ علیہ وآلہ وسلم کو کلام ذات سے نوازا۔ اور لیلۃ القدر جو ہزار مہینوں سے افضل ہے ایسی رات عطاء فرمائی

کمالیہ (ایڈیٹر نئی آواز ۔ ڈاکٹر غلام مرتضیٰ) حافظ محمد مجاہد رفیق مظفر گڑھ والے نے میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ رمضان المبارک رحمتوں اور برکتوں والا مہینہ جس میں قرآن کریم کا نزول ہوا اور اُمت محمد الرسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو کلام ذات سے نوازا۔ اور لیلۃ القدر جو ہزار مہینوں سے بہتر ہے ایسی رات عطاء فرمائی۔ اسی رات میں قرآن مجید لوح محفوظ سے یکبارگی نازل فرمایا اور آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے قلب اطہر پر وقتاً فوقتاً نازل فرمایا جو لوگوں کی راہنمائی فرماتا ہے۔ ایسی ہدایت جس میں اصول وضوابط، ایمانیات، معاملات سے لے کر ساری زندگی شامل ہے۔ حافظ محمد مجاہد رفیق نے کہا کہ اس وقت معاشرے میں انتشار، فساد اور بہت سے مسائل ہیں۔ اس کی بنیادی وجہ یہ ہے کہ قوانین اور نظام عدل کا نفاذ نہیں ہے۔ ہمارے عدالتی نظام میں یہ بہت بڑا خلا ہے کہ اس میں جو اطلاق ہے وہ مساوی نہیں۔ آج صدیاں گزرنے کے بعد بھی قرآن کریم کے احکامات پر عمل دنیا کے کسی حصےّ میں بھی کسی بھی رنگ و نسل کا فرد کرے تو اس پر عمل کرنا آسان ہے اور فائدہ بھی ہوگا اور باعث سکون بھی۔ انہوں نے مزید کہا کہ عبادات ہمیں اس قابل کرتی ہیں کہ ہم اپنی اصل کو پہچان سکیں اور وہ برکات جو اللہ کریم کے کلام سے تمہیں نصیب ہوں وہ اس قابل کر دیں کہ ہم اس دنیا جو تخیلاتی حیات ہے اس سے نکل کر اس دنیا کی فکر کریں جو حقیقت ہے تا کہ آخرت کو پہچان سکیں اور آخرت کی تیاری کر سکیں۔ ورنہ بندہ اسی دنیا کے بارے ساری زندگی سوچتا رہتا ہے اور جب موت آتی ہے تو پریشان ہو جاتا ہے کہ میرا مال میری اولاد یہ سب کدھر جائے گا۔ اپنے مال و متاع کے بارے میں ہی فکر مند رہتا ہے۔ کیونکہ اس نے ساری زندگی اس کے لیے تو بسر کی ہوتی ہے۔ اللہ کریم صحیح شعور عطاء فرمائیں اور ہمیں اس رمضان المبارک سے اللہ کی رضا حاصل کرنے کی توفیق عطاء فرمائیں۔ آمین

اپنا تبصرہ بھیجیں