بیلجیئم نے دارالحکومت برسلز کے علاقے میں دہشت گردی کا انتباہ جاری کرتے ہوئے سکیورٹی کو اعلیٰ ترین سطح پر لانے کا اعلان کیا ہے۔
حکام نے دہشت گردی کے خطرات کو ’انتہائی سنجیدہ‘ اور فوری خطرہ‘ قرار دیا ہے۔
ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ کم از کم اتوار تک میٹرو سروسز بند رہیں گي، عوام کو شاپنگ سینٹرز اور کنسرٹ سمیت ہجوم کے مقامات سے دور رہنے کے لیے کہا گيا ہے۔
بیلجیئم کے دوسرے علاقوں کے لیے سکیورٹی کی سطح نیچے ہے تاہم خطرے کو سنجیدگی سے لیا جا رہا ہے۔
خیال رہے کہ ایک ہفتے قبل فرانس کے دارالحکومت پیرس میں ہونے والے حملوں کے مشتبہ ملزمان کا تعلق برسلز سے بتایا جاتا ہے۔
ایسا خیال ظاہر کیا جا رہا ہے کہ سب سے زیادہ مطلوب شخص صالح عبدالسلام بیلجیئم واپس جا چکا ہے۔
ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ کم از کم اتوار تک میٹرو سروسز بند رہیں گي
پیر کو اقوام متحدہ کی سکیورٹی کونسل نے اتفاق رائے سے یہ قرارداد منظور کی تھی کہ فرانس میں ہونے والے حملے کے بعد دولتِ اسلامیہ کے خلاف کارروائی کو ’دگنا کردینا چاہیے۔‘ اس حملے میں 130 افراد کی موت ہو گئی تھی۔
فرانس کی جانب سے تیار کی گئی قرارداد میں اقوامِ متحدہ کے تمام رکن ممالک سے دولتِ اسلامیہ کے خلاف جنگ میں ’تمام ضروری اقدامات کرنے‘ کی اپیل کی گئی تھی۔
واضح رہے کہ دولتِ اسلامیہ نے پیرس حملوں کی ذمہ داری قبول کی تھی۔
بیلجیئم کے حکام نے ابھی تک پیرس حملوں کے لیے تین افراد پر الزام عائد کیا ہے۔
دوسری جانب جمعے کی شام بڑی تعداد میں لوگ پیرس کے ان مقامات پر مقامی وقت کے مطابق شام نو بج کر 20 منٹ پر یکجا ہوئے جہاں گذشتہ جمعہ کو حملے ہوئے تھے۔