ٹوبہ ٹیک سنگھ (ایڈیٹر نئی آواز ۔ ڈاکٹر غلام مرتضیٰ) ڈسٹرکٹ ووٹر ایجوکیشن سیمینار ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر آفس میں منعقد ہوا، جس کی صدارت ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر محمد توصیف قادر نے کی۔ سیمینار میں الیکشن آفیسر نعمان صغیر، ڈسٹرکٹ انفارمیشن آفیسر، اسسٹنٹ ڈائریکٹر ایجوکیشن، ساجد کمبوہ بانی و منتظم پیارا پاکستان ویلفئیر سوسائٹی رجسٹرڈ کمالیہ، سماجی تنظیموں کے نمائندگان اور دیگر متعلقہ شخصیات نے شرکت کی۔ سیمینار میں ووٹر آگاہی، ووٹر رجسٹریشن، اور ہر شہری کے جمہوری حق پر روشنی ڈالی گئی۔ مقررین نے اس بات پر زور دیا کہ عوام کو اپنے ووٹ کی اہمیت سے آگاہ کرنا وقت کی ضرورت ہے۔ ٹرانس جینڈر اور معذور افراد کے ووٹ کے حق اور انہیں درپیش مسائل پر بھی تفصیلی گفتگو کی گئی۔ ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر محمد توصیف قادر نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہر شہری کو اپنے ووٹ کا اندراج یقینی بنانا چاہیے تاکہ جمہوری عمل میں بھرپور شرکت ممکن ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ ووٹر آگاہی مہم کو مزید فعال بنایا جائے گا، اور ٹرانس جینڈر و معذور افراد کے لیے خصوصی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ سیمینار کے اختتام پر شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ووٹر ایجوکیشن مہم کو زیادہ موثر بنایا جائے گا تاکہ ہر شہری بلا تفریق اپنے حقِ رائے دہی سے مکمل طور پر آگاہ ہو اور انتخابی عمل میں بھرپور حصہّ لے سکے۔