چیف آفیسر محمد طاہر فاروق، پرنسپل پی ایس ٹی کالج رانا ذوالفقار، میونسپل آفیسر فنانس حافظ مسعود جیلانی سمیت دیگر کی شرکت۔
کمالیہ (ایڈیٹر نئی آواز ۔ ڈاکٹر غلام مرتضیٰ) تفصیلات کے مطابق پاکستان سمیت دنیا بھر میں موجود پاکستانی و کشمیری شہری 27 اکتوبر 1947ء کو کشمیر پر بھارتی غاصبانہ قبضے کے خلاف 27 اکتوبرکو یوم سیاہ مناتے ہیں۔ دیگر شہروں کی طرح کمالیہ میں بھی مظلوم کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے یوم سیاہ منایا گیا۔ شہر بھر میں اسسٹنٹ کمشنر اقرا ناصر اور چیف آفیسر محمد طاہر فاروق کی جانب سے کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے بینرز آویزاں کیے گیے۔ اس سلسلہ میں پی ایس ٹی کالج میں ایک سیمینار منعقد ہوا جس میں چیف آفیسر محمد طاہر فاروق، پرنسپل رانا ذوالفقار، میونسپل آفیسر فنانس حافظ مسعود جیلانی، دیگر محکمہ جات کے افسران، ملازمین، اور طلباء سمیت سول سوسائٹی کے افراد نے شرکت کی۔ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے چیف آفیسر محمد طاہر نے کہا کہ کشمیریوں کا ساتھ ہم آخری سانس تک دینگے۔ بھارت کی جانب سے کشمیریوں پر ڈھائے جانے والے مظالم کی ہم بھرپور مذمت کرتے ہیں۔ بھارت ہوش کے ناخن لے اور کشمیر میں انسانیت کا قتل عام بند کیا جائے۔ وہ دن دور نہیں جب کشمیر پاکستان کا حصہّ ہوگا۔ دیگر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم اقوام متحدہ سے یہ مطالبہ کرتے ہیں کہ مسئلہ کشمیر پاس کردہ قراردادوں اور کشمیریوں کی امنگوں کے مطابق حل کیا جائے۔