تمام برائیوں کا واحد حل نظام مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے عملی نظام میں پوشیدہ ہے۔
مسلم اُمہ کو اتحاد اور اتفاق کے ساتھ مل کر اسلام دشمن قوتوں کا مقابلہ کرنا ہو گا: علامہ مولانا اظہر رسول آسی
کمالیہ (ایڈیٹر نئی آواز . ڈاکٹر غلام مرتضیٰ) نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی سنت میں دنیا و آخرت کی کامیابی مضمر ہے۔ تمام برائیوں کا واحد حل نظام مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے عملی نظام میں پوشیدہ ہے۔ سیرت نبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر عمل کرنے سے نہ صرف دنیا و آخرت میں کامیابیاں مل سکتی ہیں بلکہ عظیم کامرانیاں حاصل کی جا سکتی ہیں۔ مسلم اُمہ کو اتحاد اور اتفاق کے ساتھ مل کر اسلام دشمن قوتوں کا مقابلہ کرنا ہو گا۔ مگر انتہائی افسوس کا مقام ہے کہ ہم اپنے مفادات کے سامنے گھٹنے ٹیک چکے ہیں۔ فلسطین، کشمیر، لبنان سمیت دنیا بھر میں مسلمانوں کا قتل عام کیا جا رہا ہے۔ مگر مسلم اُمہ صرف جمع زبانی خرچ کرنے پر اکتفا کئے ہوئے ہیں۔ حقیقی اسلامی آزادی کے لئے مل کر جدوجہد کرنا ہو گی۔ ان خیالات کا اظہار عظم مفکر اسلام سرمایہ اہل سنت حضرت علامہ مولانا اظہر رسول آسی نے چوہدری آرٹس سوسائٹی اینڈ کلچرل ونگ کے سنئیر نائب صدر ڈاکٹر شفیق چشتی کی رہائش گاہ پر منعقدہ محفل میلاد کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی دنیا میں تشریف آوری ایک ایسا تاریخ ساز اور عظیم انقلاب ہے جس نے کائنات کو ایک نئی جہت اور فلاح و کامرانی کا ایک نیا دستور عطا کیا۔ آپ کی ذات والا صفات میں گزشتہ انبیاء ؑ کے تمام اوصاف و کمالات محامد و محاسن یکجا کر دئیے گئے تھے۔