عمران خان نے 21 سال پہلے پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ مورثی سیاست کو دفن کر دیا ۔رانا جہانزیب
چیئرمین عمران خان کی قیادت میں پاکستان کو ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کریں گے۔امتیاز بھٹی
برسٹل نئی آواز( وسیم ہاشمی سے ) پاکستان تحریک انصاف ساوتھ ویسٹ کی طرف سے برسٹل میں تحریک انصاف کے 21 سال مکمل ہونے پر یوم تاسیس اور تجدید عہد کا دن منایا گیا جس میں کارکنان ، عہدیددارن کے علاوہ کمیونٹی کہ بڑی تعداد نے شرکت کی اور کیک کاٹ کر اپنی پارٹی کے ساتھ محبت کا اظہار کیا اس موقع پر پاکستان تحریک انصاف یوکےکے مرکزی سیکرٹری اطلاعات اور ساؤتھ ویسٹ ریجن کے صدر رانا جہانزیب نے کہا ہے کہ چئرمین عمران خان نے21 سال پہلے سیاست میں قدم رکھ کر پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ موروثی سیاست کو دفن کردیا یہی وجہ ہے کہ تحریک انصاف کے آج کےورکر کل کے لیڈر ہیں۔ ہم نے پہلے کبھی سیاست کرنے کا سوچا تک نہ تھا لیکن آج میرے جیسے عام کارکن بھی ملکی سطح پر تحریک چلا رہے ہیں۔ ہم جناب عمران خان کو پاکستانی نوجوانوں کو سیاست کی طرف راغب کرنے اور وڈیروں کی اجارہ داری ختم کرنے پر سلام پیش کرتے ہیں۔ انھوں نے ایک عام انسان کو اتنا شعور دیا کہ اسکی سوچ ہی بدل کر رکھ دی۔ آج کا ہر پاکستانی صاحب علم ہے اور اپنے حقوق کا شعور رکھتا ہے۔پاکستان تحریک انصاف کا ہرکارکن حب الوطنی کے جذبےکے تحت صرف اور صرف خدمت خلق پر یقین رکھتا ہے۔آج پاکستان تحریک انصاف کو قائم ہوئے 21 سال ہوچکے۔ جب یہ تحریک شروع ہوئی تو اسکی بنیاد صرف ایک نظریہ تھا کہ انصاف عام آدمی کی پہنچ میں ہو، غریب اور امیر، طاقتور اور کمزور کے فرق کئے بغیر ہر سطح پر انصاف کا بول بالا ہو۔ الحمدللّٰہ پاکستان تحریک انصاف نے کے پی کے میں اپنا وعدہ پورا کیا اور آج خیبر پختونخواہ میں انصاف کا بول بالا ہے جس کی مثالیں نہ صرف باقی صوبے بلکہ بیرون ممالک میں بھی دی جارہی ہیں ۔ اب ہمارا مقصد پورے پاکستان کی سطح پر اپنے نظریات کو عملی جامہ پہنانا ہے۔انہوں نے کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج 21ویں یوم تاسیس پر جہاں ہم چئرمین عمران خان سے انصاف عام کرنے کا تجدید عہد کرتے ہیں وہیں ہم اپنے سپورٹرز اور ممبران کے بہت مشکور ہیں جن کی انتھک محنت، بے شمار قربانیاں اور جذبہ و جنون کی وجہ سے آج پارٹی اس قابل ہوئی کہ 21سال کے سورج دیکھ سکی۔ہم اپنے تمام سپورٹرز جو اس دنیا سے جاچکے اور جو انصاف کی اس جدوجہد میں ہمارے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں سبکو خراج تحسین پیش کرتے ہیں ہم سمجھتے ہیں کہ آپ اس پارٹی کا اصل اثاثہ ہیں اور ہم آپکی قربانیاں کبھی رائیگاں نہیں جانے دینگے
پی ٹی آئی سپورٹرز، ممبرز اور ہمارے تمام ساتھیوں کو پاکستان تحریک انصاف کا 21واں یوم تاسیس مبارک ہو